بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق 7 ستمبر کو واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بندی کے تحت آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہ کو تباہ کردیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جو دیسی ساختہ بموں کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US