اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی مبینہ رشوت طلب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ موبائل سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں اسلام آباد پولیس کی نیلی شرٹ پہنے ایک اہلکار سڑک پر ایک کار سوار شہری کو روکتا اور اس کے کاغذات چیک کرتا دکھائی دیتا ہے۔
کاغذات دیکھنے کے بعد معاملہ چالان سے رقم کی ادائیگی تک پہنچ جاتا ہے۔ ویڈیو میں اہلکار شہری سے مبینہ طور پر تین سے چار ہزار روپے دینے کی بات کرتا ہے اور کہتا ہے کہ چار ہزار کا چالان بنتا ہے، تاہم تین ہزار میں معاملہ ختم کیا جاسکتا ہے
اہم بات یہ ہے کہ شہری نے بظاہر پوری گفتگو موبائل کیمرے میں محفوظ کرلی، جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔ واقعے نے قانون پر عملدرآمد کرانے والے اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر شہری سے رقم طلب کیے جانے پر سوالات اٹھا دیے ہیں، تاہم ویڈیو کی بنیاد پر حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا