پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل

image

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو متوقع احتجاج اور لانگ مارچ کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے 3 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کریں گے جبکہ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جانب سے جاری 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر نے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج اور جلسوں سے متعلق قوانین پہلے سے موجود ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اس لیے اٹارنی جنرل پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان کو اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ دیے جانے کے معاملے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US