وزیراعظم کا کسانوں، ایس ایم ایز اور کم آمدن طبقے کو آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے پر زور

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے کاروبار (ایس ایم ایز) اور ہاؤسنگ سیکٹر کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور تعاون کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زرعی شعبے اور ایس ایم ایز کے لیے فنانسنگ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس کے فروغ اور کسانوں کو مالی وسائل تک بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو آسان شرائط پر بروقت قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی رہائش کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی املاک کا جامع سروے کرایا جائے جہاں بینک وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت گھر بنانے کے خواہشمند افراد کو قرض فراہم کرسکیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53,127 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جارہا ہے جو مورگیج کی شرائط پوری کرتے ہوں، اس نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کو مزید مربوط بنانے کے لیے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کا حجم اگست 2026 تک 1.268 ٹریلین روپے رہا، جبکہ Access to Finance Plan 2026-28 کے تحت جون 2028 تک اسے بڑھا کر 2 ٹریلین روپے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح زرخیز (Zarkhez-e) ایپ کے ذریعے آسان زرعی قرضوں کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 7.35 ارب روپے کے قرضے منظور کیے گئے جبکہ 1.96 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اگست 2026 تک ایس ایم ای شعبے کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا، جسے جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سمیڈا نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 1,096 ایس ایم ایز کو مالیاتی امور سے متعلق تربیت بھی فراہم کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب اور ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر، پاکستانی بینکوں کے صدور و چیف ایگزیکٹو افسران اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US