جاپان کے شہر ناگویا میں ایشین گیمز کے آغاز سے قبل ریکارڈ 104 ملی میٹر فی گھنٹہ بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے پیشگی تدابیر کے طور پر تقریباً 400 اتھلیٹس اور آفیشلز کو ان کی رہائش گاہوں سے عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ بارش کے باعث بعض کھیلوں کے وینیوز میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے۔
ایشین گیمز انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام اتھلیٹس اور اسٹاف ممبران مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اس صورتحال میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش میں کمی اور حالات معمول پر آنے کے بعد تمام کھلاڑی اور آفیشلز دوبارہ اپنی اصل رہائش گاہوں میں منتقل ہوجائیں گے۔
ناگویا کے میئر ایچیرو ہیروساوا نے واضح کیا ہے کہ گیمز کا انعقاد طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا اور اس میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز کا باضابطہ افتتاح 19 ستمبر کو ہوگا اور یہ 4 اکتوبر تک جاری رہیں گی، تاہم باسکٹ بال سمیت بعض دیگر مقابلوں کا آغاز افتتاحی تقریب سے قبل ہی ہوجائے گا۔