پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آٹھ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ 12 ستمبر سے پشاور، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
میچز عمران خان اسٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں کل سات راؤنڈز ہوں گے اور ہر راؤنڈ میں چار فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 28 چار روزہ اور ایک پانچ روزہ فرسٹ کلاس میچ شامل ہے۔
ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں غنی گلاس، کے آر ایل، کنگز مین اکیڈمی، ایم آئی ٹی سلیوشنز، اوجی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس بی پی اور ایس این جی پی ایل کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔