سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سیف گیمز کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے لیے 5.7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت منعقدہ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں منظور کیے گئے اس پیکیج کے تحت سیف گیمز کی میزبانی کے لیے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں موجود کھیلوں کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ اور جدید بنایا جائے گا۔
سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی نے منصوبے کو سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کی سمت میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور پلاننگ کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اپ گریڈ کیے گئے وینیوز سیف گیمز کے بعد بھی قومی کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی)، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور دیگر متعلقہ ادارے تمام ترقیاتی کاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لیے مل کر کام کریں گے۔