نوجوان زمبابوین کرکٹرز کا دورہ پاکستان: اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی پروگرام کا آغاز

image

لاہور قلندرز کے اونر اور سی ای او عاطف رانا نے ایچ آر ایل گروپ کے وائس چیئرمین اور لاہور قلندرز کے اسٹریٹجک پارٹنر جہانزیب زاہد کے ہمراہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹرز کا خیرمقدم کیا ہے، جو کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں قائم اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر (Smart-QHPC) میں پانچ ہفتوں کے خصوصی تربیتی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران زمبابوین کھلاڑیوں کو رسمی طور پر شرٹس پیش کی گئیں اور انہیں سينٹر میں دستیاب جدید سہولیات اور پیشہ ورانہ تربیتی ماحول سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ عاطف رانا اور جہانزیب زاہد نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے تاکید کی کہ وہ ان سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی تکنیکی و جسمانی صلاحیتوں میں مزید بہتری لائیں۔

پانچ ہفتوں پر محیط یہ تربیتی پروگرام لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ ماڈل کو بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اسمارٹ-QHPC اس اقدام کے ذریعے ابھرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹرز کو اعلیٰ معیار کی جدید تربیت، صلاحیتوں کی نکھار اور ہائی پرفارمنس ماحول میں قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US