فرانس کے معروف فٹبالر اور ریال میڈرڈ کے سابق اسٹار کریم بینزیما نے مسجد الحرام، مکہ مکرمہ سے عمرے کی ادائیگی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
تصویر میں 38 سالہ کریم بینزیما احرام کی حالت میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ ’’ہر چیز کے لیے الحمدللہ‘‘ لکھا۔
کریم بینزیما اس وقت کسی کلب کا حصہ نہیں ہیں۔ سعودی کلب الہلال کے ساتھ ان کا معاہدہ باہمی رضامندی سے ختم ہوگیا تھا جس کے بعد سعودی کلب کے ساتھ ان کا تقریباً 6 ماہ کا مختصر قیام اختتام پذیر ہوا۔
الہلال کے لیے مختصر عرصے میں بینزیما کی کارکردگی مؤثر رہی۔ انہوں نے تمام مقابلوں میں 16 میچز کھیل کر 10 گول کیے اور 5 معاونتیں فراہم کیں، جبکہ کلب کے ساتھ کنگز کپ بھی جیتا۔
دوسری جانب بینزیما کی اپنے سابق کلب لیون میں واپسی کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔ لیون کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر میتھیو لوئس ژاں نے تصدیق کی ہے کہ رواں موسم گرما میں ایک ثالث کے ذریعے بینزیما سے رابطہ کیا گیا تھا، تاہم ان کے معاہدے کے باعث معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔
متحدہ عرب امارات کے دوسرے ڈویژن کے کلب ارے بیئن فالکنز نے بھی بینزیما سمیت متعدد معروف آزاد کھلاڑیوں کو تربیت اور کلب کی نمائندگی کی دعوت دی ہے۔ دعوت پانے والے کھلاڑیوں میں پال پوگبا، رحیم اسٹرلنگ اور جیدون سانچو کے نام بھی شامل ہیں۔