پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ کے خلاف فتح: سنچری میکر فرحان یوسف اور عثمان خان کی گفتگو

image

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے پہلے ون ڈے میچ میں شاندار سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں فرحان یوسف اور عثمان خان نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے میچ کے احوال اور اپنی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ میچ میں ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کی وجہ سے بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا تھا اور دباؤ تھا۔

عثمان خان نے بتایا کہ ان کا منصوبہ ابتدائی اوورز میں وقت لے کر سنبھل کر کھیلنے کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز پاکستان سے کافی مختلف ہیں، تاہم اس قسم کے مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے پاکستان میں پہلے ہی بھرپور تیاری کی گئی تھی۔

عثمان خان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ سیریز کے باقی تین میچوں میں بھی اس اچھی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے مزید میچز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

دوسری جانب فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ دو ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم پر کچھ دباؤ تھا، انگلش کنڈیشنز میں گیند سیم ہو رہی تھی اور سپنرز کو بھی مدد مل رہی تھی۔ ایسے کٹھن وقت میں ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد نے بہت مدد فراہم کی، جس کی بدولت صورتحال کے مطابق اپنے پلان پر قائم رہتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔

پاکستان انڈر 19 نے اس پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے نمایاں شکست دی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا میچ 14 ستمبر اور چوتھا و آخری میچ 16 ستمبر کو طے شدہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US