خواتین ہاکی کا نیا دور: 7 سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں ملک گیر تربیتی کیمپ کا انعقاد

image

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت پر ملک میں ویمنز ہاکی کی فروغ اور ترقی کے لیے 7 سے 17 اکتوبر 2026 تک نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں قومی ویمنز ہاکی ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مذکورہ کیمپ انٹرنیشنل ڈچ کوچ رچرڈ اسنائیر اور ان کے دو معاون انٹرنیشنل کوچز کی زیر نگرانی ہوگا۔ اس 10 روزہ خصوصی کیمپ میں غیر ملکی کوچز کھلاڑیوں کو جدید ترین بین الاقوامی ہاکی کی تکنیک اور جدید طریقہ کار کے مطابق تربیت فراہم کریں گے۔

اکتوبر کے بعد یہی انٹرنیشنل کوچنگ پینل جنوری میں ویمنز کھلاڑیوں کے کیمپ کی نگرانی کرے گا بعد ازاں منتخب کھلاڑیوں کو ہالینڈ کا ٹور کرایا جائے گا۔ جہاں وہ مختلف کلبس کی ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلیں گی۔ اس حوالے سے پاکستان ویمنز ونگ و صوبائی ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن کیمپ کیلیے حتمی ناموں کا فیصلہ کرے گی۔

اس تربیتی کیمپ کے لیے ملک بھر سے کل 150 منتخب ویمن کھلاڑی حصہ لیں گی، جن میں سینئر، انڈر 21 اور انڈر 18 کیٹیگریز کی کھلاڑی شامل ہیں۔

کیمپ میں صوبوں اور ریجنز کی نمائندگی ہوگی جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سے ویمنز کھلاڑی شامل ہوں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیمپ کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح کے مقابلے کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی کوچنگ کے معیار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں ویمنز ہاکی کو ایک نیا عروج دیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US