اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملے سعودی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں، مقیم افراد اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اور جائز اقدامات کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے یمن کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستانی مندوب نے یمن میں مزید کشیدگی روکنے اور سیاسی حل کی گنجائش برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمنی قیادت کے سیاسی عمل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل میں جاری اختلافات اور تعطل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار نے رکن ممالک سے عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔