پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 2026-27 کے لیے کوچ ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ کے جامع شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جسے پی سی بی کوچ ایجوکیشن کے سربراہ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر شاہد اسلم نے ترتیب دیا ہے۔
اس سیزن کے دوران ایک ٹیوٹر ورکشاپ، 19 مختلف کوچنگ کورسز اور تاریخ میں پہلی بار پی سی بی کوچنگ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
پی سی بی کی نئی پالیسی کے تحت لیول ون کوچنگ کورس کی میعاد پانچ سال مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد متعلقہ کوچز کو یہ کورس دوبارہ مکمل کرنا ہوگا۔ اس سیزن خواتین کوچز کے لیے دو مخصوص لیول ون کورسز کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ تمام لیول ون کورسز نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے بجائے ملک کے چھ مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔ ان کورسز کی تدریس کے لیے پی سی بی کے سینئر ڈومیسٹک کوچز کو دو ٹیوٹر ٹریننگ کورسز بھی کروائے جائیں گے۔
اسکول کرکٹ کی بنیادی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تین شہروں کے اسکول کرکٹ کوچز کو پروفیشنل لیول ون کورسز کروائے جائیں گے۔ مزید برآں، پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز کے کوچز کے لیے لیول تھری کورس، جبکہ ریجنل بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچز کے لیے خصوصی اسکلز کورسز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ ڈومیسٹک کوچز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بائیومکینکس اور آئی ٹی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
سیزن کی ایک اہم پیشرفت پہلی پی سی بی کوچنگ کانفرنس کا انعقاد ہے، جس میں موجودہ و سابق کھلاڑیوں، کوچز اور کرکٹ شائقین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔