وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ ’’786 بی ایم ایچ‘‘ لائسنس یافتہ حج آرگنائزر نہیں اور نہ ہی اسے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت کوئی حج کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عوامی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین حج حج انتظامات کے نام پر ’’786 بی ایم ایچ‘‘ یا کسی بھی دوسرے غیر لائسنس یافتہ فرد یا کمپنی کو اپنی محنت کی کمائی اور قیمتی رقم ہرگز نہ دیں۔
وزارت کے مطابق موجودہ حج سیزن کے لیے لائسنس یافتہ حج آرگنائزرز کی فہرست نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ سرکاری حج مینجمنٹ سسٹم اور پاک حج ایپ پر دستیاب ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت تمام ادائیگیاں صرف حج مینجمنٹ سسٹم یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائیں، جہاں باقاعدہ رسید بھی جاری کی جاتی ہے۔ کسی بھی عازم حج کو حج مینجمنٹ سسٹم سے باہر ادائیگی نہیں کرنی چاہیے، یہ پابندی رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ حج آرگنائزرز کے ساتھ معاملات میں بھی یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا کہ جو عازمین کسی فرد یا کمپنی کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائیں گے یا نقد ادائیگی کریں گے، وہ یہ ادائیگی اپنی ذمہ داری پر کریں گے۔ ایسی صورت میں رقم کی خردبرد، دھوکہ دہی یا عدم ادائیگی کی صورت میں وزارت کی جانب سے فراہم کردہ تحفظ اور داد رسی کے طریقہ کار سے استفادہ نہیں کیا جا سکے گا۔
وزارت نے پرائیویٹ عازمین حج پر زور دیا کہ وہ کسی بھی شخص یا کمپنی کو نقد رقم ادا نہ کریں اور کسی فرد کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع نہ کروائیں بلکہ حج سے متعلق تمام ادائیگیاں صرف سرکاری حج مینجمنٹ سسٹم یا پاک حج ایپ کے ذریعے ہی کریں۔