بجلی کی سالانہ طلب میں 45 ٹیرا واٹ آور تک اضافے کا امکان

image

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بجلی کی طلب بڑھانے، پاور سیکٹر کی لاگت کم کرنے اور دستیاب پیداواری صلاحیت کے مؤثر استعمال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے بجلی کی طلب میں اضافے اور پاور سیکٹر کی لاگت کم کرنے کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ پاکستان بزنس کونسل نے بتایا کہ آئندہ پانچ سے سات سال کے دوران بجلی کی سالانہ طلب میں 45 ٹیرا واٹ آور تک اضافہ ممکن ہے۔

ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں، زراعت، ڈیٹا سینٹرز اور صنعتی شعبے میں بجلی کے استعمال کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان بزنس کونسل کے مطابق بجلی کی اضافی طلب سے فکسڈ کیپیسٹی لاگت زیادہ یونٹس پر تقسیم ہوگی جس سے پاور سیکٹر کی مجموعی لاگت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاکستان بزنس کونسل نے دستیاب پیداواری صلاحیت کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بجلی کی طلب میں اضافہ اور پاور سیکٹر کی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ حکومت پاور سیکٹر کی لاگت اور صارفین پر غیر ضروری بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ صارفین 40 سے 50 فیصد تک سبسڈی حاصل کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کراس سبسڈی کا بوجھ کم کرکے پاور سیکٹر کو زیادہ مؤثر اور پائیدار بنانا چاہتی ہے۔

سردار اویس لغاری کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران ڈسکوز کے نقصانات کم کرکے 265 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔ ٹائم آف یوز ٹیرف کے ذریعے صنعتوں کو معمول کی کھپت سے زائد بجلی کم نرخ پر فراہم کی جا سکے گی، جس سے صنعتی شعبے میں بجلی کی اضافی طلب بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کم ترین لاگت کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والے منصوبوں کا اضافی بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا بلکہ کم ترین لاگت سے انحراف کی اضافی لاگت متعلقہ منصوبہ خود برداشت کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے مطالعات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ مقامی کوئلے کے استعمال سے درآمدی انحصار اور بجلی کی پیداوار کی لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت مستقبل قریب میں سو فیصد بجلی کی فراہمی کے ہدف کے حصول کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ بجلی کی طلب میں پائیدار اضافہ مؤثر بجلی رسائی اور معاشی سرگرمیوں سے منسلک ہے جبکہ حکومت پاور سیکٹر میں بجلی کی طلب، لاگت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US