پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر کے پیٹرول پمپس کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے قانونی قواعد و ضوابط اور حفاظتی تدابیر پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
ایڈوائزری مختلف سرکاری، ریگولیٹری اور مقامی اداروں کی جانب سے پیٹرول پمپس کے متوقع ملک گیر معائنوں کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے تمام ڈیلرز کو اپنے ریکارڈ، قانونی دستاویزات، لائسنس اور حفاظتی انتظامات کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اوگرا، ایکسپلوسوز، سول ڈیفنس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے قوانین و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے جبکہ سیکیورٹی، معائنے کے آلات، فائر فائٹنگ اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل اور فعال رکھے جائیں۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معائنوں کے عمل کے دوران متعلقہ حکومتی اور ریگولیٹری حکام سے رابطے میں رہے گی تاکہ ڈیلرز کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔