کراچی میں 14 ستمبر سے بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

image

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شہر میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال اور اڑیسہ کے ساحلی علاقے میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو چھتیس گڑھ اور اس سے ملحقہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔ موسمی نظام کے مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے، جس کے اثرات سندھ کے مختلف علاقوں پر پڑ سکتے ہیں۔

14 سے 16 ستمبر کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

اسی دوران سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بھی آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنا بہتر ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US