وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر آج 12 ستمبر کو نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کا نکاح لاہور کے علاقے جاتی امرا میں شام 5 بجے ہوگا، جبکہ تقریب کو انتہائی نجی اور محدود رکھا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کا نکاح کاروباری شخصیت جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار سے ہوگا۔ جبار خالد فلور مل کے شعبے سے وابستہ ہیں اور کاروباری حلقوں میں جانے جاتے ہیں۔ تاہم اذان جبار اور ان کے خاندان کے حوالے سے مزید معلومات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
نکاح کی تقریب میں شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ دار اور چند خاص دوست شرکت کریں گے۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب میں تقریباً 100 مہمانوں کی آمد متوقع ہے، تاہم خاندان کی جانب سے اسے محدود اور نجی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماہ نور صفدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں اور عام طور پر میڈیا کی توجہ سے دور رہتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔
گزشتہ دنوں مریم نواز اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے ماہ نور کی تعلیمی کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔