جماعت اسلامی کا 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان

image

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ہر صورت ختم کرانی ہے اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 20 ستمبر کو ملک بھر سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام نے پیٹرولیم لیوی کو بھتا ٹیکس قرار دیا ہے، حکومت کو یہ لیوی ختم کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں 3 فیصد کمی کی جائے تو 1700 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بتائیں کہ شرح سود کم کیوں نہیں کی جاتی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے، ملک کے 36 شہروں میں دھرنے جاری ہیں اور 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد آئیں گے۔ حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیا تو مذاکرات ختم کردیں گے۔

انہوں نے آئی پی پیز معاہدوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اب بھی کیپسٹی چارجز شامل کیے جارہے ہیں اور اس معاملے میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا تو جماعت اسلامی ضرور شرکت کرے گی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی جماعت اسلامی کے رابطے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US