کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا، جس کے نتیجے میں پانی کے 21 میں سے 10 پمپس بند ہوگئے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق صبح 6 بجے دھابیجی کے مختلف فیزز میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ بجلی بند ہونے سے تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپ ہاؤس متاثر ہوئے، جس کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ 10 پمپس فوری طور پر فعال کردیے جائیں گے اور متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول پر لائی جائے گی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق جھاڑیوں میں لگنے والی آگ سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کیبلز متاثر ہوئی ہیں۔ کے الیکٹرک کی ٹیکنیکل ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کے لیے واٹر کارپوریشن سے رابطے میں ہے۔