پاکستان کی قومی چیمپئن اسپرنٹر فائقہ ریاض ایشین گیمز میں حکومتی اخراجات پر شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے نام نہ بھیجے جانے کے باعث پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے انہیں تربیتی کیمپ اور جاپان جانے والے اسپانسرڈ ایتھلیٹس کی فہرست کا حصہ نہیں بنایا، جس کے بعد وہ انفرادی طور پر لاہور میں اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکومتی سرپرستی نہ ملنے پر اب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) فائقہ ریاض کے سفری اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ ایونٹ میں شرکت کے لیے انہیں متعلقہ حکام سے این او سی بھی درکار ہو گا۔
اس سے قبل بھی کامن ویلتھ گیمز میں پی او اے کے توسط سے شرکت کرنے والی قومی چیمپئن کو حکومتی اخراجات سے محروم رکھنے کے اس معاملے نے کھیلوں کے قومی اداروں کے باہمی اختلافات پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جس کے باعث نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔