ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی ویمنز ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی، جس کے باعث ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں سیاسی اختلافات کے اثرات نمایاں ہوگئے۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے طے تھا اور ٹرافی بھی ٹیم کو پیش کرنے کے لیے دستیاب تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے خود ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم کا یہ طرز عمل ایک سال کے دوران دوسری مرتبہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ سال بھارتی ٹیم کی ٹرافی بھی تاحال اے سی سی کے پاس موجود ہے اور صرف وصولی کا انتظار ہے۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے فیصلے کے باوجود کونسل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کرکٹ کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے کھیل کی روایات کو مقدم رکھنے کی پالیسی برقرار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ اگر بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو وہ محسن نقوی ہی سے وصول کرے گی۔
بھارتی ویمنز ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں سیاسی اختلافات کو کس حد تک جگہ دی جانی چاہیے۔