پی ایف ایف نے خواتین کے فٹ بال کی حکمتِ عملی 2030-2026 کا اجرا کردیا

image

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے پاکستان خواتین فٹ بال حکمتِ عملی 2030-2026 کا باضابطہ اجرا کردیا ہے، جس کا مقصد ملک میں نچلی سطح سے لے کر قومی ٹیم تک خواتین کے فٹ بال کو منظم انداز میں فروغ دینا ہے۔

اسلام آباد میں "کاغذ سے میدان تک" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں پیش کی جانے والی یہ حکمتِ عملی پانچ بنیادی ستونوں— شرکت و مقابلے، کھلاڑیوں کی ترقی و اعلیٰ کارکردگی، تعلیم و صلاحیت، تشہیر و شمولیت، اور انتظام و قیادت— پر مبنی ہے۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں خواتین کے فٹ بال کے لیے ایک تاریخی سال ہے، جہاں قومی ٹیم نے فیفا ایونٹ میں شرکت کی اور عالمی درجہ بندی میں بھی مردوں کی ٹیم سے بہتر مقام حاصل کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس حکمتِ عملی کا بنیادی محور قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری، نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور ایک وسیع و مضبوط نظام کی تشکیل ہے۔

ہیڈ آف ویمنز فٹ بال مژگان اورکزئی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ موجودہ 62 رجسٹرڈ کلبوں اور 673 کھلاڑیوں کے ڈھانچے کو بنیاد بنا کر اسکولوں، کلبوں اور اکیڈمیوں کے ذریعے نچلی سطح سے باصلاحیت لڑکیوں کو تلاش کیا جائے گا۔ حکمتِ عملی کے تحت قومی، صوبائی اور ضلعی لیگز کا مرحلہ وار نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ قومی ٹیم کے لیے سالانہ کم از کم 10 بین الاقوامی میچز، 250 خواتین کوچز کی تربیت اور 100 خواتین ریفریز کی تیاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب میں پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر، ٹیکنیکل ڈائریکٹر عدیل رزقی اور وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ سیدہ مہرین ساجد نے بھی شرکت کی۔ سیدہ مہرین ساجد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں اور قصبوں کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا جائے۔ پی ایف ایف کا عزم ہے کہ 2030 تک ملک میں ایک محفوظ، پیشہ ورانہ اور جامع فٹ بال نظام قائم کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US