وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں جاری مون سون سیزن، شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون کے متوقع رجحان، صوبوں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مجموعی انتظامات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کیے گئے پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے موجودہ مون سون سیزن کی مؤثر انداز میں نگرانی اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہیں۔