پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی لازمی ہدایات پر قومی کرکٹرز کی جانب سے عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی تقریباً چھ ڈومیسٹک سیزنز کے طویل وقفے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل (OGDCL) کی نمائندگی کریں گے۔ بابر اعظم نے اپنا آخری ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ دسمبر 2019ء میں سنٹرل پنجاب کی طرف سے کھیلا تھا۔ وطن واپسی پر تمام ضروری امور کی منتقلی کے بعد وہ اپنی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
اس وقت پریزیڈنٹ ٹرافی کا پہلا راؤنڈ جاری ہے جبکہ دوسرا راؤنڈ 18 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔
پی سی بی کے سخت احکامات کے باعث دیگر سینئر کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی طویل عرصے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں، جبکہ حارث رؤف، فخر زمان اور سلمان علی آغا بھی اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔