کاروباری افراد کو مساوی سہولیات اور فنی معاونت فراہم کی جائے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) اور کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے سمیڈا کو جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت و سہولیات کی فراہمی کے لیے سمیڈا کے زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے تمام علاقوں میں ایس ایم ایز اور کاروباری افراد کو مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروباری ترغیب، مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کو سرفہرست رکھا جائے۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی سطح پر تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے جبکہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔

وزیراعظم نے زرعی اجناس کی پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے بھی سمیڈا کو خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافے اور سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی تقویت اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چھوٹے کاروبار سے منسلک صنعتی پیداوار کی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے دنیا کے بہترین رائج طریقہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US