پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت

image

پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ یمن کی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام، عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے بھی حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر حوثی حملوں اور باب المندب کے گرد بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ باب المندب کے گرد حملوں اور تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات عالمی بحری تجارت اور آزادیٔ نقل و حرکت کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ یمن میں 2022 سے جاری نسبتاً پُرسکون صورتحال ختم ہوچکی ہے اور مسلسل کشیدگی سے دوبارہ مکمل جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ موجودہ صورتحال یمن کے پہلے سے سنگین انسانی بحران کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی زیرِسرپرستی یمن کی قیادت میں جامع سیاسی عمل کی بحالی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سیاسی تصفیے کے لیے مخلصانہ سفارتی کوششیں ہی یمن میں پائیدار امن اور خطے میں استحکام کی بنیاد بن سکتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US