پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش ویمنز انڈر 19 سہ فریقی سیریز کا اعلان

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کی ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔

میگا ایونٹس ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلئے میں کھیلی جانے والی یہ سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

ٹرپل راؤنڈ روبن فارمیٹ پر مشتمل اس سیریز کے تمام 10 میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے، جہاں ہر ٹیم مجموعی طور پر چھ چھ میچز کھیلے گی، جبکہ جدول کی ٹاپ دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدِمقابل آئیں گی۔

مہمان ٹیموں میں سری لنکا انڈر 19 کی ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلا دیش انڈر 19 کی ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ دونوں ٹیمیں 29، 30 ستمبر اور 1 اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز میں حصہ لیں گی۔

اس سیریز کے لیے پاکستان کی 20 رکنی ویمنز انڈر 19 ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کی قیادت فضہ فیاض کریں گی۔ قومی اسکواڈ میں پہلی بار چار نئے کھلاڑیوں قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی (بیٹرز) اور افشین خان (آف سپنر) کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے اقبال اسٹیڈیم اور بوڑانوالا گراؤنڈ میں اپنے تدریبی کیمپ کا آغاز کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US