کوئٹہ میں جاموٹ یوتھ بلوچستان کے ایک نمائندہ وفد نے بانی تحریک حفیظ اللہ جاموٹ ایڈووکیٹ اور حسن خان جاموٹ کی قیادت میں صوبائی الیکشن کمشنر اصغر علی سیال سے ملاقات کی۔
اس نشست کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور صوبہ بلوچستان میں جاموٹ برادری کو درپیش مختلف چیلنجز کے ساتھ ساتھ ان کی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر اصغر علی سیال نے کہا کہ وہ ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق بلوچستان کے ہر شہری کو اس کے بنیادی حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں اور میرٹ کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد ہی ان کا اصل مقصد اور نصب العین ہے۔
وفد کے ارکان نے صوبائی الیکشن کمشنر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس نمائندہ وفد میں عبدالعزیز چنہ، استاد عبدالنبی ابڑو، کامریڈ حاجی خان جاموٹ اور نیاز محمد جاموٹ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔