امریکی دفاعی کمپنی "پاور یو ایس" (Power US) کے وفد نے رابرٹ بریٹ ویلیکووچ کی قیادت میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی ٹیکنالوجی میں بدلتے ہوئے جدید رجحانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دفاعی خریداری، مقامی پیداوار اور تکنیکی استعداد کار میں تعاون کے مختلف مواقع بھی زیرِ بحث آئے۔
ملاقات میں قومی سلامتی کے قیام اور ملکی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام تر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسیع اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔