پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، پیٹرول کی قیمت 391 روپے 22 پیسے فی لیٹر مقرر

image

عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی 17 ستمبر 2026 کی ایکس ڈپو قیمتوں کا تعین کر دیا ہے، جس کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی۔

اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 22 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ بنیادی طور پر عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

اوگرا کے مطابق قیمتوں میں تبدیلی پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ عوامل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US