سپریم کورٹ نے وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت کیس کے حتمی فیصلے تک دونوں کی ضمانت منظور کی۔ سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف دیے گئے فیصلے کو بھی معطل کردیا۔
سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ دونوں وکیل ہیں، عدالت ان کی عزت رکھ رہی ہے، تاہم انہیں بھی کہہ دیں کہ عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ ایک وکیل اور ایک عام آدمی میں فرق ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اسلام آباد کی ٹرائل کورٹ نے مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں، جن کے خلاف دونوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ دونوں کی سزا کے خلاف اپیلیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔