میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن کی تفتیشی افسر پر برہمی، بزنس پارٹنر کو فیملی سے ملاقات کی ہدایت

image

میر رضا کے مقدمے پر قائم جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے دوران کمیشن نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیش میں نقائص کی نشاندہی کی ہے اور سابق تفتیشی افسر کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کمیشن کی کارروائی کے دوران متوفی میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے اور سابق تفتیشی افسر شبیر احمد لغاری کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

کمیشن نے احمد بھاردے کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میر رضا کے قریبی دوست تھے اور افواہوں کا حصہ بننے یا میڈیا پر غیر محتاط انٹرویوز دینے کے بجائے سچائی کے ساتھ کمیشن سے تعاون کریں۔ کمیشن نے احمد بھاردے کو استدعا کی کہ وہ میر رضا کے اہل خانہ کی مشکلات اور ان کے سوالات کے جوابات فراہم کرنے کے لیے ان سے تنہائی میں ملاقات کریں۔

اس موقع پر میر رضا کے والد میر حسین اور وکیل خالد ممتاز بھی موجود تھے۔ احمد بھاردے کے وکیل خالد ممتاز اور وکیل جبران ناصر کے مطابق، کمیشن کی تجویز پر احمد بھاردے نے اہل خانہ سے ملاقات پر رضامندی ظاہر کی جس پر آئندہ دنوں میں وکلا کے بغیر بات چیت کی جائے گی۔ احمد بھاردے کا کہنا تھا کہ میر رضا کی فیملی ان کی اپنی فیملی کی طرح ہے اور وہ آج ہی ان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

کارروائی کے دوران سابق تفتیشی افسر شبیر احمد لغاری کے بیان پر کمیشن اور فیملی کے وکیل جبران ناصر نے کئی سوالات اٹھائے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے پلاسٹک شاپنگ بیگ اور خون آلود گملے کا ٹکڑا ملا تھا، جبکہ موبائل فون، واچ، اور ہولسٹر بعد میں دیگر پولیس اہلکاروں نے فراہم کیے۔ کمیشن نے تفتیش میں روزنامچے کی عدم انٹری، سی سی ٹی وی فوٹیجز کے نامکمل ریکارڈ، شواہد جمع کرنے میں تاخیر، اور کیس پراپرٹی (موبائل اور واچ) کو باقاعدہ مالخانے کے بجائے کئی دنوں تک اپنے پاس رکھنے یا سی ٹی ڈی بھیجنے پر تفتیشی افسر کی سخت کلاس لی۔

کمیشن نے تفتیشی افسر پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی زیرو رہی ہے اور انہوں نے اصل حقائق معلوم کرنے کے بجائے نرسری ملازمین اور دیگر افراد کا دفاع کرنے کی کوشش کی۔ فیملی کی جانب سے بتایا گیا کہ میر رضا کے آئی کلاؤڈ اور واچ میں غیر متعلقہ لاگ ان کے پیغامات آئے، جس پر کمیشن نے شواہد ضائع ہونے کے خدشات ظاہر کیے۔

وقت کی کمی کے باعث وافلکس کے اکاؤنٹنٹ عمیر کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا، جس پر کمیشن نے معذرت کرتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پیر کے روز تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US