پکنک کے دوران ناخوشگوار واقعہ: ناردرن بائی پاس کے فارم ہاؤس میں 8 سالہ طالبہ ڈوب گئی

image

ناردرن بائی پاس کے قریب واقع واٹر پارک (سن رائز فارم ہاؤس) کے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے اسکول کی 8 سالہ طالبہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 8 سالہ ہنائزہ شاہ دختر فیاض شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو کالا پل کی رہائشی اور گرین فلیگ اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ تھی۔ بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جاں بحق بچی کے والد فیاض شاہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی پہلی جماعت سے اسی اسکول میں زیرِ تعلیم تھی اور پہلی مرتبہ اسکول انتظامیہ کے ساتھ پکنک پر گئی تھی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیٹی کی موت اسکول انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ہوئی ہے۔

پیشے کے لحاظ سے وکیل والد کا کہنا تھا کہ وہ اسکول اور فارم ہاؤس انتظامیہ دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق اقدام کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US