خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

image

خیبر پختونخوا میں 15 سے 17 ستمبر کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک کردیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں ہونے والی ایک اور جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 17 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 جوانوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے فتح علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے دھاڈر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھی میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی مؤثر کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیان کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US