فیول ریلیف اسکیم میں بڑی سہولت، اب کم پیٹرول خریدنے والوں کو بھی رعایت ملے گی

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کا پورے ملک میں کامیابی سے اجرا جاری ہے جس کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔

حکومت کے مطابق ملک بھر سے اسکیم کے حوالے سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں وزیراعظم نے مزید سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی ہدایت کے تحت پانچ لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کو بھی ایک ٹوکن پر ہفتے میں 500 روپے کی رعایت دی جائے گی۔

اسکیم کے تحت ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری ہوگا جبکہ ایک ماہ میں مجموعی طور پر چار ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔

حکومت کے مطابق 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کر سکیں گے۔ اس طرح ایک ماہ میں 10،10 لیٹر کے تین ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل اسکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن کا ایس ایم ایس بالکل مفت کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی فیول ریلیف اسکیم میں شامل کر دیا گیا ہے۔ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے اب اسکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف فیول ریلیف اسکیم کے تمام پہلوؤں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے اسکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹرول پر رعایت کی باعزت، آسان اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US