چھوٹے انتظامی یونٹس کی مکمل حمایت کرتا ہوں، قیصر احمد شیخ

image

وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وہ ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ 13 کروڑ آبادی والے صوبے دنیا کے کئی ممالک سے بھی بڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں فی الحال پارٹی اور پارلیمنٹ کی سطح پر اس معاملے پر بات چیت شروع نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 27 برس میں مختلف سیاسی جماعتوں کو حکومت کا موقع ملا، تاہم ملک مطلوبہ ترقی نہیں کرسکا۔ ان کے مطابق بیوروکریسی عوامی اور حکومتی مسائل کے حل میں رکاوٹ بن رہی ہے اور افسران منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے بجائے خامیاں تلاش کرتے ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے ملکی معیشت کو اصل مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ معیشت کے حوالے سے خوفزدہ ہیں اور عام آدمی بھی شدید پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مصروف ہیں اس لیے ملاقات نہیں ہوپاتی۔

وفاقی وزیر نے 18ویں ترمیم کے حوالے سے کہا کہ صوبوں کو اختیارات ملنے کے بعد انہیں نچلی سطح تک منتقل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا مسئلہ موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US