وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے گھر آمد، اہلخانہ سے اظہار تعزیت

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وطن عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے والد اور بھائی سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور شہید کے والد کے بلند حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔

اس موقع پر شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد نے کہا کہ ”میرا بیٹا حمزہ پاکستان پر قربان ہوا، میرا دوسرا بیٹا بھی پاکستان کے لیے حاضر ہے۔“ انہوں نے کہا کہ شہید حمزہ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو ناز ہے۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی غیر معمولی جرات اور بلند جذبہ ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرکے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت ہر شہید کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی، شہید کیپٹن حمزہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے وطن پر قربان ہوگئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US