اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک میں 30 ستمبر تک ہائی الرٹ نافذ

image

موجودہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے دو بڑے سرکاری اسپتالوں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور پولی کلینک میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے دونوں اسپتالوں کی انتظامیہ نے الگ الگ سرکلرز جاری کرتے ہوئے اسپتالوں کو 30 ستمبر تک ہائی الرٹ پر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

سرکلرز کے مطابق ہائی الرٹ کے دوران ایمبولینس سروسز کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے سربراہان کو اسٹیشن پر موجود رہنے اور ضروری طبی عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے ڈیوٹی روسٹرز کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھنے کے ساتھ ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹر، ٹراما، نرسنگ اور تشخیصی خدمات کو مکمل طور پر فعال رکھنے کا حکم دیا ہے۔

سرکلر میں بلڈ بینک اور فارمیسی سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بڑے پیمانے پر مریضوں کی آمد کی صورت میں اضافی بیڈز، اسٹریچرز اور وہیل چیئرز دستیاب رکھے جائیں، جبکہ آکسیجن، خون، ادویات، ضروری طبی آلات اور دیگر طبی سامان کا وافر ذخیرہ بھی یقینی بنایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US