ہنگو میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا

image

ضلع ہنگو میں خوارجی دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 افسران سمیت 6 جوانوں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کُنڈی، کور کمانڈر پشاور، شہداء کے اہل خانہ اور دیگر سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر، سپاہی شکیل احمد، سپاہی حمزہ، سپاہی محمد عثمان عزیز اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد نے جام شہادت نوش کیا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارجی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ کارروائی کے دوران پاک فوج کے 6 اہلکار شہید ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US