محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی پہاڑی علاقوں میں سہ پہر کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔