بجلی کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز زیر غور

image

پاور ڈویژن نے بجلی کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موجودہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے فارمولے پر نظرثانی کی تجویز پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق نئے فارمولے کے تحت جس ماہ گھریلو صارف 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرے گا، اسی ماہ اضافی یونٹس پر مقررہ اضافی نرخ وصول کیے جائیں گے۔ اس طرح صارف کو آئندہ کئی ماہ تک اضافی ادائیگیوں کا بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت پروٹیکٹڈ صارف اگر ایک مرتبہ بھی 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کر لے تو اس کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم ہوجاتی ہے، جس کے نتیجے میں اسے اگلے 6 ماہ تک کم یونٹس استعمال کرنے کے باوجود اضافی نرخ ادا کرنا پڑتے ہیں۔

پاور ڈویژن کی زیر غور تجویز میں اس طریقہ کار کو تبدیل کرتے ہوئے 200 یونٹ سے زائد استعمال کی صورت میں اضافی نرخ صرف اسی ماہ وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ بعد کے 5 ماہ میں کم یونٹس استعمال کرنے پر صارف کو اضافی نرخوں سے بچانے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب بٹ کوائن مائننگ کے لیے کم نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق حکومت بٹ کوائن مائننگ کے لیے رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے معاملے پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو قائل نہیں کر سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مذاکرات میں بٹ کوائن مائننگ کے لیے کم نرخوں پر بجلی کی فراہمی کا معاملہ ایک بار پھر آئی ایم ایف ٹیم کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US