وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا، جہاں قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان اور مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔
دارالعلوم حقانیہ آمد پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین، دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر اکابرین نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
ملاقات میں ملک میں قیام امن، مذہبی ہم آہنگی، امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔ انہیں دارالعلوم کی جانب سے اس کے تعلیمی اور دینی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
عطاء اللہ تارڑ نے دارالعلوم کے اندر تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علماء کرام نے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور کمیٹی اراکین نے امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر زور دیا۔