پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع ہوں گے، دو ہفتے جاری رہنے کا امکان

image

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اگلے جائزوں کے لیے مذاکرات کل سے شروع ہوں گے، جو تقریباً دو ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان توسیعی فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) اور کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے جائزے بیک وقت کیے جائیں گے۔ مذاکرات کے دوران گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت یہ چوتھا جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت تیسرا جائزہ ہوگا۔ مذاکرات میں پروگرام کی شرائط، اہداف اور پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو آئندہ اقساط جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔ ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو پانچویں قسط ملنے کا امکان ہے، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت بھی آئندہ قسط جاری کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں پروگراموں کے تحت اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوچکے ہیں۔

پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ بیک وقت دو قرض پروگراموں میں شامل ہے۔ ان میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کا کلائمٹ فنانسنگ پروگرام شامل ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US