وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی تازہ صورتحال کے تناظر میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں، علاقائی سلامتی اور پاکستان کی امن کے لیے کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ اور امریکی سفیر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دنیا اور دہشتگردی کے درمیان پاکستان ایک مضبوط دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور امن و سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔