توشہ خانہ کے قواعد مزید سخت: وفاقی حکومت نے نئے رولز 2026 نافذ کر دیے

image

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے قواعد کو مزید سخت کرتے ہوئے 'توشہ خانہ منیجمنٹ اینڈ ریگولیشن رولز 2026' کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم اور صدر کے علاوہ دیگر تمام شخصیات کے لیے تحائف کی وصولی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام موصول ہونے والے اور پہلے سے موجود تحائف کو کھلی عوامی نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔

نئے قواعد کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

نیلامی کی رقم کا استعمال:

تحائف کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔

شفافیت اور آڈٹ:

توشہ خانہ میں موصول ہونے والے تمام تحائف کا ہر مالی سال تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ نیلامی کی براہ راست میڈیا کوریج کی جائے گی اور تمام تحائف کا ریکارڈ بمع تصویر ویب پورٹل پر شائق کیا جائے گا، تاہم تحفہ دینے والی شخصیت یا ملک کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

نیلامی کے ضوابط:

نیلامی سال میں ترجیحاً 2 بار اور کم از کم ایک بار لازمی ہوگی۔ سرکاری عہدیداران اور ان کے اہلخانہ اس نیلامی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ سیٹ کی صورت میں ملنے والے تحائف کو الگ الگ فروخت نہیں کیا جائے گا۔

استثنیٰ:

ثقافتی، تاریخی اور سفارتی لحاظ سے حساس تحائف نیلام نہیں کیے جائیں گے۔

تحائف جمع کرانے کی مدت:

سفارتی آداب کے تحت تحفہ لینا ناگزیر ہو تو اسے 30 دن کے اندر توشہ خانہ میں جمع کرانا ہوگا۔ بیرون ملک دورے کی صورت میں بھی واپسی کے 30 دن کے اندر، جبکہ الگ جہاز سے آنے والے تحائف کے لیے 60 دن کی مہلت ہوگی۔ مقررہ مدت میں تحفہ جمع نہ کرانے کی صورت میں عدالت میں شکایت درج کروائی جائے گی۔

نگرانی و فیصلے:

تحائف کے بارے میں حتمی فیصلوں کے لیے سیکریٹری کابینہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں خزانہ، خارجہ، قانون اور ثقافت ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹریز شامل ہوں گے جو طے کریں گے کہ کون سے تحائف تاریخی ہیں اور کون سے نیلام ہوں گے۔

قیمت کا تعین:

تحائف کی مارکیٹ ویلیو ایف بی آر (FBR) اور نجی تخمینہ کار طے کریں گے۔ اگر دونوں کی قیمت میں 25 فیصد سے زیادہ فرق ہو تو تیسرے تخمینہ کار کی رائے حتمی ہوگی، جبکہ حوالہ قیمت کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی مدد بھی لی جا سکے گی۔ ہتھیاروں کی قیمت پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ طے کرے گی۔

تحفظ اور دیگر مراعات:

توشہ خانہ کے اسٹور روم کے لیے سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے اور تالہ بندی لازمی ہوگی اور اس کی حفاظت گریڈ 20 کے افسر کے سپرد ہوگی۔ اس کے علاوہ گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کو ملنے والے نقد انعام کو اپنے پاس رکھنے کی اجازت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US