اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے اعلان کردہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر سیکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تیاریوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور ریڈ زون کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے اہم راستوں کی ممکنہ بندش کے لیے انتظامی سامان اور اضافی نفری کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے انٹری پوائنٹس پر لگانے کے لیے 210 کنٹینرز جبکہ 2 لاکھ سے زائد ریت کی بوریاں طلب کر لی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ آنسو گیس کے 1 لاکھ 10 ہزار شیلز کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ شیلنگ کے لیے 1,300 گنز پہلے سے موجود ہیں اور مزید 500 گنز کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ کنٹینرز کی نقل و حرکت کے لیے پولیس کے پاس 22 کرینیں بھی دستیاب ہیں۔
ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے ریڈ زون کی جانب جانے والے تین راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔
امن و امان کی صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے دیگر صوبوں سے بھی اضافی پولیس نفری اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور تمام اہم مقامات پر تلاشی و تفتش کا عمل سخت کر دیا گیا ہے۔