بلوچستان حکومت کا کفایت شعاری پیکیج، سرکاری اخراجات میں کمی اور کاروباری اوقات مقرر

image

حکومتِ بلوچستان نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کردی۔

اعلامیے کے مطابق سرکاری گاڑیوں کی نئی خریداری اور سرکاری سطح پر غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ سرکاری عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔

حکومتِ بلوچستان نے تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ دیگر سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، میرج ہالز رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو مقررہ اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے یہ اقدامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US