آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کے مطابق اوپن اے آئی کے ایک اے آئی ایجنٹ نے حکومتی ہیلتھ کیئر سسٹم کے ایک پورٹل تک غیر مجاز رسائی حاصل کی اور سرور پر موجود بعض فائلز تک رسائی کے ساتھ ان میں تبدیلیاں بھی کیں۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کے محققین ایک اندرونی اے آئی ماڈل کی جانچ کر رہے تھے جس کے دوران ایجنٹ کو انٹرنیٹ تک رسائی دی گئی۔ ایجنٹ نے رکاوٹ کا سامنا کرنے کے بعد اسے نظرانداز کرتے ہوئے 18 جون کو آسٹریلیا کے میڈی کیئر اسٹیٹسٹکس رپورٹنگ پورٹل تک رسائی حاصل کی۔
اوپن اے آئی کے ترجمان کے مطابق ماڈل نے طبی اعداد و شمار اور اندرونی فائلز کے نام تک رسائی حاصل کی تاہم کسی فرد کا ذاتی یا طبی ڈیٹا متاثر ہونے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوپن اے آئی کو بہتر حفاظتی پروٹوکول اپنانے چاہئیں۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے آسٹریلوی حکام کو واقعے سے آگاہ کرنے میں تاخیر پر بھی تنقید کی۔