سیاسی احتجاج، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز تعینات

image

سیاسی احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز تعینات کردی ہے۔

پنجاب رینجرز کی اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے درخواست کی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رینجرز اہلکار چیف کمشنر اسلام آباد اور صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ فرائض انجام دیں گے، جبکہ تعیناتی کی مدت 20 ستمبر سے 5 اکتوبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔

رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ اسلام آباد اور پنجاب میں ممکنہ سیاسی احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے احتجاجی پروگرام سے پیچھے نہ ہٹنے کا مؤقف سامنے آیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US